- 1 پَس مَیں سب سے پہلے یہ نصِیحت کرتا ہُوں کہ مُناجاتیں اور دُعائیں اور اِلتجائیں اور شُکرگُذارِیاں سب آدمِیوں کے لِئے کی جائیں۔
- 2 بادشاہوں اور سب بڑے مرتبہ والوں کے واسطے اِس لِئے کہ ہم کمال دِینداری اور سنجِیدگی سے امن و آرام کے ساتھ زِندگی گُذاریں۔
- 3 یہ ہمارے منّجی خُدا کے نزدِیک عُمدہ اور پسندِیدہ ہے۔
- 4 وہ چاہتا ہے کہ سب آدمِی نِجات پائیں اور سَچّائی کی پہچان تک پہُنچیں۔
- 5 کِیُونکہ خُدا ایک ہے اور خُدا اور اِنسان کی بِیچ میں درمیانی بھی ایک یعنی مسِیح یِسُوع جو اِنسان ہے۔
- 6 جِس نے اپنے آپ کو سب کے فِدیہ میں دِیا کہ مُناسِب وقتوں پر اِس کی گواہی دی جائے۔
- 7 مَیں سَچ کہتا ہُوں۔ جھُوٹ نہِیں بولتا کہ مَیں اِسی غرض سے منادی کرنے والا اور رَسُول اور غَیرقَوموں کو اِیمان اور سَچّائی کی باتیں سِکھانے والا مُقرّر ہُؤا۔
- 8 پَس مَیں چاہتا ہُوں کے مرد ہر جگہ بغَیر غُصّہ اور تکرار کے پاک ہاتھوں کو اُٹھا کر دُعا کِیا کریں۔
- 9 اِسی طرح عَورتیں حیادار لِباس سے شرم اور پرہیزگاری کے ساتھ اپنے آپ کو سنواریں نہ کہ بال گُوندھنے اور سونے اور موتیوں اور قِیمتی پوشاک سے۔
- 10 بلکہ نیک کاموں سے جَیسا خُدا پرستی کا اِقرار کرنے والی عَورتوں کو مُناسِب ہے۔
- 11 عَورت کو چُپ چاپ کمال تابعداری سے سِیکھنا چاہئے۔
- 12 اور مَیں اِجازت نہِیں دیتا کہ عَورت سِکھائے یا مرد پر حُکم چلائے بلکہ چُپ چاپ رہے۔
- 13 کِیُونکہ پہلے آدم بنایا گیا۔ اُس کے بعد حوّا۔
- 14 اور آدم نے فریب نہِیں کھایا بلکہ عَورت فریب کھا کر گُناہ میں پڑ گئی۔
- 15 لیکِن اَولاد ہونے سے نِجات پائے گی بشرطیکہ وہ اِیمان اور محبّت اور پاکیزگی میں پرہیزگاری کے ساتھ قائِم رہیں۔
1 Timothy 02
- Details
- Parent Category: New Testament
- Category: 1 Timothy
۱ تیمِتھُیس باب 2