- 1 پَس اَے بھائِیو! تُم جو آسمانی بُلاوے میں شرِیک ہو۔ اُس رَسُول اور سَردار کاہِن یِسُوع پر غَور کرو جِس کا ہم اِقرار کرتے ہیں۔
- 2 جو اپنے مُقرّر کرنے والے کے حق میں دِیانتدار تھا جِس طرح مُوسیٰ اُس کے سارے گھر میں تھا۔
- 3 کِیُونکہ وہ مُوسیٰ سے اِس قدر زِیادہ عِزّت کے لائِق سَمَجھا گیا جِس قدر گھر کا بنانے والا گھر سے زِیادہ عِزّت دار ہوتا ہے۔
- 4 چُنانچہ ہر ایک گھر کا کوئی نہ کوئی بنانے والا ہوتا ہے مگر جِس نے سب چِیزیں بنائِیں وہ خُدا ہے۔
- 5 مُوسیٰ تو اُس کے سارے گھر میں خادِم کی طرح دِیانتدار رہا تاکہ آیندہ بیان ہونے والی باتوں کی گواہی دے۔
- 6 لیکِن مسِیح بَیٹے کی طرح اُس کے گھر کا مُختار ہے اور اُس کا گھر ہم ہیں بشرطیکہ اپنی دِلیری اور اُمِید کا فخر آخِر تک مضبُوطی سے قائِم رکھّیں۔
- 7 پَس جِس طرح کہ رُوحُ القدُس فرماتا ہے اگر آج تُم اُس کی آواز سُنو۔
- 8 تو اپنے دِلوں کو سخت نہ کرو جِس طرح غُصّہ دِلانے کے وقت آزمایش کے دِن جنگل میں کِیا تھا۔
- 9 جہاں تُمہارے باپ دادا نے مُجھے جانچا اور آزمایا اور چالِیس برس تک میرے کام دیکھے۔
- 10 اِسی لِئے مَیں اُس پُشت سے ناراض ہُؤا اور کہا کہ اِن کے دِل ہمیشہ گُمراہ ہوتے رہتے ہیں اور اُنہوں نے میری راہوں کو نہِیں پہچانا۔
- 11 چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی کہ یہ میرے آرام میں داخِل نہ ہونے پائیں گے۔
- 12 اَے بھائِیو! خَبردار! تُم میں سے کِسی کا اَیسا بُرا اور بے اِیمان دِل نہ ہو جو زِندہ خُدا سے پھِر جائے۔
- 13 بلکہ جِس روز تک آج کا دِن کہا جاتا ہے ہر روز آپس میں نصِیحت کِیا کرو تاکہ تُم میں سے کوئی گُناہ کے فریب میں آ کر سخت دِل نہ ہو جائے۔
- 14 کِیُونکہ ہم مسِیح میں شریک ہُوئے ہیں بشرطیکہ اپنے اِبتدائی بھروسے پر آخِر تک مضبُوطی سے قائِم رہیں۔
- 15 چُنانچہ کہا جاتا ہے کہ اگر آج تُم اُس کی آواز سُنو تو اپنے دِلوں کو سخت نہ کرو جِس طرح کہ غُصّہ دِلانے کے وقت کِیا تھا۔
- 16 کِن لوگوں نے آواز سُن کر غُصّہ دِلایا؟ کیا اُن سب نے نہِیں جو مُوسیٰ کے وسِیلہ سے مِصر سے نِکلے تھے؟
- 17 اور وہ کِن لوگوں سے چالِیس برس تک ناراض رہا؟ کیا اُن سے نہِیں جِنہوں نے گُناہ کِیا اور اُن کی لاشیں بِیابان میں پڑی رہیں؟
- 18 اور کِن کی بابت اُس نے قَسم کھائی کہ وہ میرے آرام میں داخِل نہ ہونے پائیں گے سِوا اُن کے جِنہوں نے نافرمانی کی؟
- 19 غرض ہم دیکھتے ہیں کہ وہ بے اِیمانی کے سبب سے داخِل نہ ہو سکے۔
Hebrews 03
- Details
- Parent Category: New Testament
- Category: Hebrews
عِبرانیوں باب 3