- 1 ذرا پُکار ۔کیا کوئی ہے جو تجھے جواب دیگا؟ اور مُقدسوں میں سے تو کس کی طرف پھر یگا ؟
- 2 کیو نکہ کُڑھتا بیوقوف کو مار ڈالتا ہے اور جلن احمق کی جان لے لیتی ہے ۔
- 3 میں نے بیو قوف کو جڑ پکڑتے دیکھا ہے پر ناگہان اُسکے مسکن پر لعنت کی ۔
- 4 اُسکے بال بچے سلامتی سے دُور ہیں ۔وہ پھاٹک ہی پر کچلے جاتے ہیں اور کوئی نہیں جو اُنہیں چھُڑائے ۔
- 5 بُھوکا اُسکی فصل کو کھاتا ہے بلکہ اُسے کانٹوں میں سے بھی نکال لیتا ہے اور پیاسا اُسکے مال کو نگل جاتا ہے ۔
- 6 کیو نکہ مصیبت مٹّی میں سے نہیں اُگتی ۔ نہ دُکھ زمین میں سے نکلتا ہے۔
- 7 پر جیسے چنگاریاں اُوپر ہی کو اُڑتی ہیں ویسے ہی انسان دُکھ کے لئے پیدا ہوا ہے ۔
- 8 لیکن میں تو خدا ہی کا طالب رہونگا اور اپنا معاملہ خدا ہی پر چھوڑ ونگا ۔
- 9 جو اَیسے بڑے بڑے کام جو دریافت نہیں ہوسکتے اور بے شمار عجیب کام کرتا ہے ۔
- 10 وہی زمین پر مینہ برساتا اور کھیتوں میں پانی بھیجتا ہے ۔
- 11 اِسی طرح وہ فروتنوں کو اُونچی جگہ پر بٹھاتا ہے اور ماتم کرنے والے سلامتی کی سرفرازی پاتے ہیں ۔
- 12 وہ عیّاروں کی تد بیروں کو باطل کردیتا ہے ۔یہاں تک کہ اُنکے ہاتھ اُنکے مقصود کو پورا نہیں کرسکتے
- 13 وہ ہوشیاروں کو اُن ہی کی چالاکیوں میں پھنسا تا ہے اور ٹیڑ ھے لوگوں کی مشورت جلد جاتی رہتی ہے ۔
- 14 اُنہیں دِن دِہاڑے اندھیرے سے پالا پڑتا ہے اور وہ دوپہر کے وقت اَیسے ٹٹولتے پھرتے ہیں جیسے رات کو۔
- 15 لیکن مُفلس کو اُنکے مُنہ کی تلوار اور زبردست کے ہاتھ سے وہ بچا لیتا ہے ۔
- 16 سو مسکین کو اُمید رہتی ہے اور بدکاری اپنا مُنہ بند کرلیتی ہے ۔
- 17 دیکھ! وہ آدمی جسے خدا تنبیہ کرتا ہے خوش قسمت ہے ۔اِسلئے قادر مُطلق کی تادیب کو حقیر نہ جان ۔
- 18 کیو نکہ وہی مجروح کرتا اور پٹی باندھتا ہے ۔وہی زخمی کرتا ہے اور اُسی کے ہاتھ چنگا کرتے ہیں ۔
- 19 و ہ تجھے چھ مُصیبتوں سے چھُڑائیگا بلکہ سات میں بھی کوئی آفت تجھے چھُونے نہ پائیگی ۔
- 20 کال میں وہ تجھ کو موت سے بچائیگا اور لڑائی میں تلوار کی دھار سے ۔
- 21 تو زبان کے کوڑے سے محفوظ رکھا جائیگا اور جب ہلاکت آئیگی تو تجھے ڈر نہیں لگیگا ۔
- 22 تو ہلاکت اور خشک سالی پر ہنسیگا اور زمین کے درندوں سے تجھے کچھ خوف نہ ہوگا ۔
- 23 میدان کے پتھروں کے ساتھ تیرا ایکا ہوگا اور جنگلی درِندے تجھ سے میل رکھینگے
- 24 اور تو جانیگا کہ تیرا ڈیرا محفوظ ہے اور تو اپنے مسکن میں جائیگا اور کوئی چیز غائب نہ پائیگا ۔
- 25 تجھے یہ بھی معلوم ہوگا کہ تیری نسل بڑی اور تیری اَولاد زمین کی گھاس کی مانند برومند ہوگی۔
- 26 تو پُوری عمر میں اپنی قبر میں جائیگا جیسے اناج کے پُولے اپنے وقت پر جمع کئے جاتے ہیں ۔
- 27 دیکھ ! ہم نے اِسکی تحقیق کی اور یہ بات یوں ہی ہے ۔اِسے سُن لے اور اپنے فائدہ کے لئے اِسے یاد رکھ ۔
Job 05
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Job
ایّوب باب 5