- 1 اَے خُدا !خاموش نہ رہ ۔اَے خُدا چُپ چاپ نہ ہو اور خاموشی اختیار نہ کر!
- 2 کیونکہ دیکھ تیرے دُشمن اُودھم مچاتے ہیں اور تجھ سے عداوت رکھنے والوں نے سر اُٹھایا ہے۔
- 3 کیونکہ وہ تیرے لوگوں کے خلاف مکاّری سے منصُوبہ باندھتے ہیں۔ اور اُنکے خلاف جو تیری پناہ میں ہیں مشورہ کرتے ہیں۔
- 4 اُنہوں نے کہا آؤ ہم اِنکو کاٹ ڈالیں کہ اِنکی قُوم ہی نہ رہے اور اِسراؔئیل کے نام کا پھر ذِکر نہ ہو۔
- 5 کیونکہ اُنہوں نے ایکا کر کے آپس میں مشورہ کیا ہے وہ تیرے خلاف عہد باندھتے ہیں۔
- 6 یعنی ادؔوم کے اہلِ خَیمہ اور اسمٰعیلی موآؔب اور ہاجؔری ۔
- 7 جؔبل اور عمّؔون اور عماؔلیِق ۔ فلِستیؔن اور صُوؔر کے باشِندے۔
- 8 اسُوؔر بھی ان سے مِلا ہُوا ہے۔ اُنہوں نے بنی لوُط کی کُمک کی ہے۔
- 9 تُو اُن سے اَیسا کر جَیسا مِدیاؔن سے اور جَیسا وادیِ قیِسُؔون میں سِیؔسر اور یابِیؔن سے کیا تھا۔
- 10 جو عَیؔن دور میں ہلاک ہوئے۔ وہ گویا زمین کی کھاد ہو گئے۔
- 11 اُنکے سرداروں کو عوریؔب اور زئیؔب کی مانند بلکہ اُنکے شاہزادوں کو زِبؔح اور ضلمؔنُع کی مانند بنا دے ۔
- 12 جنہوں نے کہا ہے آؤ ہم خُدا کی بستیوں پر قبضہ کرلیں۔
- 13 اَے میرے خُدا ! اُنکو بگولے کی گرد کی منند بنا دے اور جَیسے ہوا کے آگے ڈنٹھل۔
- 14 اُس آگ کی طرح جو جنگل کو جلا دیتی ہے۔ اُس شُعلہ کی طرح جو پہاڑوں میں آگ لگا دیتا ہے۔
- 15 تُو اِسی طرح اپنی آندھی سے اُنکا پیچھا کر اور اپنے طُوفان سے اُنکو پریشان کر دے۔
- 16 اَے خُداوند! اُنکے چہروں پر رُسوائی طاری کر تاکہ وہ تیرے نام کے طالب ہوں۔
- 17 وہ ہمیشہ شرمِندہ اور پریشان رہیں۔ بلکہ رُسوا ہو کر ہلاک ہو جائیں۔
- 18 تاکہ وہ جان لیں کہ تُو ہی جِسکا نام یہوؔواہ ہے تمام زمین پر بلند و بالا ہے۔
Psalms 083
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Psalms
زبُور باب 83