- 1 اَے خُداوند داؤؔد کی خاطر اُسکی سب مُصیبتوں کو یاد کر ۔
- 2 کہ اُس نے کِس طرح خُداوند سے قسم کھائی اور یعقؔوُب کے قادر کے حُضُور منّت مانی ۔
- 3 کہ یقیناً میَں نہ اپنے گھر میں داخل ہونگا۔ نہ اپنے پلنگ پر جاؤنگا۔
- 4 اور نہ اپنی آنکھوں میں نیند نہ اپنی پلکوں میں جھپکی آنے دونگا۔
- 5 جب تک خُداوند کے لئے کوئی جگہ اور یعقؔوُب کے قادر کے لئے کوئی مسکن نہ ہو۔
- 6 دیکھو ہم نے اِسکی خبر اِفرؔاتا میں سُنی۔ ہمیں یہ جنگل کے میدان میں ملی۔
- 7 ہم اُسکے مسکنوں میں داخل ہونگے ہم اُس کے پاؤں کی چوکی کے سامنے سِجدہ کرینگے۔
- 8 اُٹھ اَے خُداوند!اپنی آرام گاہ میں داخل ہو تُو اور تیری قدرت کا صُندوق۔
- 9 تیرے کاہن صداقت سے مُلبس ہوں۔ اور تیرے مُقدّس خُوشی کے نعرے ماریں۔
- 10 اپنے بندہ داؤد کی خاطر اپنے ممسوح کی دُعا نا منظور نہ کر ۔
- 11 خُداوند نے سچّائی کے ساتھ داؤؔد سے قسم کھائی ہے۔ اور اُس سے پھرنے کا نہیں۔ کہ میں تیری اولاد میں سے کسی کو تیرے تخت پر بٹھاؤنگا۔
- 12 اگر تیرے فرزند میرے عہد اور میری شہادت پر جو میَں اُنکو سِکھاؤنگا عمل کریں۔ تو اُنکے فرزند بھی ہمیشہ تیرے تخت پر بیٹھینگے۔
- 13 کیونکہ خُداوند نے صیِؔوُن کو چُنا ہے۔ اُس نے اُسے اپنے مسکن کے لئے پسند کیا ہے۔
- 14 یہ ہمیشہ کے لئے میری آرام گاہ ہے۔ میَں یہیں رہونگا کیونکہ میَں نے اِسے پسند کیا ہے۔
- 15 میَں اِس کے رِزق میں خوب برکت دونگا۔ میَں اِسکے غریبوں کو روٹی سے سیر کرونگا۔
- 16 اِسکے کاہن کو بھی میَں نجات سے مُلبس کرونگا۔ اور اُسکے مُقدّس بُلند آواز سے خُوشی کے نعرے ماریں گے۔
- 17 وہیں میَں داؤؔد کے لئے ایک سینگ نکالونگا۔ میَں نے اپنے ممسُوح کے لئے چراغ تیار کیا ہے۔
- 18 میَں اُسکے دُشمنوں کو شرمندگی کا لباس پہناؤنگا۔ لیکن اُس پر اُسی کا تاج رونق افروز ہوگا۔
Psalms 132
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Psalms
زبُور باب 132