- 1 اَے خُدا! قومیں تیری میراث میں گھُس آئیں ہیں۔ اُنہوں نے تیری مُقدس ہیکل کو ناپاک کیا ہے۔ اُنہوں نے یرؔوشلیم کھنڈر بنا دیا ہے۔
- 2 اُنہوں نے تیرے بندوں کی لاشوں کو آسمان کے پرندوں کی اور تیرے مقدسوں کے گوشت کو زمین کے درِندوں کی خُوراک بنا دیا ہے۔
- 3 اُنہوں نے اُن کا خُون یروشلؔیم کی گِرد پانی کی طرح بہایا اور کوئی اُ ن کو دفن کرنے والا نہ تھا ۔
- 4 ہم اپنے پڑوسیوں کی ملامت کا نشانہ ہیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کے تمسخُر اور مذاق کا باعث ۔
- 5 اَے خُدا! کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ کے لئے ناراض رہے گا؟ کیا تیری غیرت آگ کی طرح بھڑکتی رہیگی؟
- 6 اپنا قہر اُن قوموں پر جو تجھے نہیں پہچانتیں اور اُن مملکتوں پر جو تیرا نام نہیں لیتیں اُنڈیل دے۔
- 7 کیونکہ اُنہوں نے یعقُؔوب کو کھا لیا اور اُ سکے مسکن کو اُجاڑ دیا ۔
- 8 ہمارے باپ دادا کے گُناہوں کو ہمارے خلاف یاد نہ کر ۔ تیری رحمت جلد ہم تک پہنچے کیونکہ ہم بہت پست ہو گئے ہیں۔
- 9 اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا! اپنے نام کے جلال کی خاطر ہماری مدد کر ۔ اپنے نام کی خاطر ہمکو چُھڑا اور ہمارے گُناہوں کا کفارہ دے۔
- 10 قومیں کیوں کہیں کہ اُنکا خُدا کہاں ہے؟تیرے بندوں کے بہائے ہوئے خون کا بدلہ ہماری آنکھوں کے سامنے قوموں پر واضح ہو جائے۔
- 11 قیدی کی آہ تیرے حضور تک پُہنچے ۔اپنی بڑی قدرت سے مرنے والوں کو بچا لے۔
- 12 اَے خُداوند! ہمارے پڑوسیوں کی طعنہ زنی جو وہ تجھ پر کرتے رہے ہیں اُلٹی سات گُنا اُن ہی کے دامن میں ڈال دے ۔
- 13 تب ہم جو تیرے لوگ اور تیری چراگاہ کی بھیڑیں ہیں ہمیشہ تیری شُکر گُزاری کریں گے۔ہم پُشت در پُشت تیری ستایش کریں گے۔
Psalms 079
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Psalms
زبُور باب 79