- 1 اَے اِسرائیل کے چوپان ! تُو جو گلّہ کی مانند یُوؔسُف کو لے چلتا ہے کان لگا! تُو جو کُروبیوں پر بیٹھا ہے جلوہ گر ہو!
- 2 افرؔئیم و بِنؔیمین اور منؔسّی کے سامنے اپنی قوت کو بَیدار کر اور ہمیں بچانے کو آ۔
- 3 اَے خُدا! ہمکو بحال کر اور اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائینگے۔
- 4 اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! تُو کب تک اپنے لوگوں کی دُعا سے ناراض رہیگا؟
- 5 تُو نے اُن کو آنسُوؤں کی روٹی کھِلائی اور پینے کو کثرت سے آنسُو ہی دِئے۔
- 6 تُو ہمکو ہمارے پڑوسیوں کے لئے جھگڑے کا باعث بناتا ہے۔ اور ہمارے دُشمن آپس میں ہنستے ہیں۔
- 7 اَے لشکروں کے خُدا! ہمکو بحال کر اور اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائینگے۔
- 8 تُو مصر سے ایک تاک لایا۔ تُو نے قوموں کو خارج کر کے اُسے لگایا۔
- 9 تُو نے اُس کے لئے جگہ تیار کی۔ اُس نے گہری جڑ پکڑی اور زمین کو بھر دیا ۔
- 10 پہاڑ اُس کے سایہ میں چھُپ گئے اور اُسکی ڈالیاں خُدا کے دیوداروں کی مانند تھیں۔
- 11 اُس نے اپنی شاخیں سمنُدر تک پھیلائیں اور اپنی ٹہنیاں دریایِ فرؔات تک۔
- 12 پھر تُو نے اُسکی باڑوں کو کیوں توڑ ڈالا۔ کہ سب آنے جانے والے اُسکا پھل توڑتے ہیں؟
- 13 جنگلی سُواًر اُسے برباد کرتا ہے اور جنگلی جانور اُسے کھا جاتے ہیں۔
- 14 اَے لشکروں کے خُدا! ہم تیری منّت کرتے ہیں۔ پھر مُتوجّہ ہو۔ آسمان پر سے نگاہ کر اور دیکھ اور اِس تاک کی نِگہبانی فرما۔
- 15 اور اُس پودہ کی بھی جِسے تیرے دہنے ہاتھ نے لگایا ہے۔ اور اُس شاخ کی جِسے تُو نے اپنے لئے مضبوط کیا ہے۔
- 16 یہ آگ سے جلی ہوئی ہے۔ یہ کٹی پڑی ہے۔ وہ تیرے مُنہ کی جھڑکی سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔
- 17 تیرا ہاتھ تیری دہنی طرف کے انسان پر ہو۔ اُس اِبنِ آدؔم پر جِسے تُو نے اپنے لئے مضبُوط کیا ہے۔
- 18 پھر ہم تجھ سے برگشتہ نہ ہونگے۔ تُو ہمکو پھِر زِندہ کر اور ہم تیرا نام لیا کرینگے۔
- 19 اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! ہمکو بحال کر۔ اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائینگے۔
Psalms 080
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Psalms
زبُور باب 80