- 1 میَں خُداوند سے مُحبت رکھتا ہوں۔کیونکہ اُس نے میری فریاد سُنی اور میری منّت سُنی ہے۔
- 2 چُونکہ اُس نے میری طرف کان لگایا۔ اِسلئے میں عُمر بھر اُس سے دُعا کروں گا۔
- 3 مَوت کی رسیوں نے مجھے جکڑ لیا اور پاتال کے درد مجھ پر آ پڑے۔ میَں دُکھ اور غم میں گرفتار ہُؤا۔
- 4 تب میَں نے خُداوند سے دُعا کی۔ کہ اَے خُداوند ! میَں تیری مِنّت کرتا ہُوں میری جان کو رہائی بخش۔
- 5 خُداوند صادق اور کریم ہے۔ ہمارا خُدا رحیم ہے۔
- 6 خُداوند سادہ لوگوں کی حفاظت کرتا ہے۔میَں پست ہو گیا تھا اُسی نے بچا لیا۔
- 7 اَے میری جان ! پھر مُطمئِن ہو کیونکہ خُداوند نے تجھ پر احسان کیا ہے۔
- 8 اِسلئے کہ تُو نے میری جان کو موت سے میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے اور میری پاؤں کو پھسلنے سے بچایا ہے۔
- 9 میَں زِندوں کی زمین میں خُداوند کے حُضُور چلتا رہونگا۔
- 10 میَں ایمان رکھتا ہوں۔ اِسلئے یہ کہونگا۔ میَں بڑی مُصیبت میں تھا۔
- 11 میَں نے جلد بازی سے کہہ دیا کہ سب آدمی جھوٹے ہیں۔
- 12 خُداوند کی سب نعمتیں جو مجھے ملیں میَں اُنکے عوض میں اُسے کیا دُوں ؟
- 13 میَں نجات کا پیالہ اُٹھاکر خُداوند سے دُعا کرونگا۔
- 14 میَں خُداوند کے حُضُور اپنی مِنتّیں اُسکی ساری قوم کے سامنے پُوری کرونگا۔
- 15 خُداوند کی نگاہ میں اُسکے مُقدسوں کی موت گِراں قدر ہے۔
- 16 آہ! اَے خُداوند! میَں تیرا بندہ ہوں۔ میَں تیرا بندہ تیری لونڈی کا بیٹا ہوں۔ تُو نے میرے بندھن کھولے ہیں۔
- 17 میَں تیرے حُضُور شُکر گُذاری کی قُربانی چڑھاؤنگا۔اور خُداوند سے دُعا کرونگا۔
- 18 میَں خُداوند کے حُضُور اپنی مِنتّیں اُسکی ساری قوم کے سامنے پُوری کرونگا۔
- 19 خُداوند کے گھر کی بارگاہوں میں تیرے اندر اَے یرؔوشلم ! خُداوند کی حمد کرو۔
Psalms 116
- Details
- Parent Category: Old Testament
- Category: Psalms
زبُور باب 116